بدین میں ایک ہفتے سے پانی کی ترسیل بند،شہریوںکا احتجاج

212

بدین (نمائندہ جسارت) بدین شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی ایک ہفتے سے بند، شہریوں کا احتجاج، پانی نہ دینے کی صورت میں ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان، واٹر سپلائی کے انچارج کا تبادلہ کرکے ایماندار افسر لگانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق بدین کے شہریوں بشیر پٹھان، غفور ملاح، شکیل عباسی، حاجی غفور آرائیں و دیگر نے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی کے تالابوں میں پانی موجود ہونے کے باوجود واٹر سپلائی کے انچارج کی نااہلی باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، واٹر سپلائی کے انچارج کو پانی نہ ہونے کی اطلاع دیتے ہیں تو جواب دیا جاتا ہے میں صوبائی وزیر سعید غنی کا خاص آدمی ہوں میرے خلاف جتنی بھی شکایات کر لو کچھ نہیں ہوگا، احتجاج کرو یا دھرنا دو پانی نہیں دونگا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بدین شہر میں محکمہ پبلک ہیلتھ کی من مانیاں جاری ہیں جس کے باعث شہری سخت گرمی میں بھی پانی بند ہونے سے شہری شدید اذیت کا شکار ہوگئے ہیں شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر میں پانی موجود ہونے کے باوجود متعدد علاقوں میں پانی کی قلت سوالیہ نشان ہے۔ بدین شہر کے مختلف علاقے لیبر کالونی، حیدر ٹائون، کینٹ روڈ، بھٹائی آباد، فردوس کالونی، عظیم ٹائون، محلہ صدیق کمبہار، پوسٹ آفس روڈ و دیگر علاقوں میں گزشتہ 3 ہفتوں سے جاری پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور خواتین مٹکے اور پانی کی بوتلیں سر پر اٹھاکر 2 کلو میٹر دور جالر ہیڈ پمپ سے پانی بھرنے پر مجبور ہوگئیں۔