اسلامی نظام کانفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، نصراللہ چنا

151

شکارپور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ حافظ نصراللہ عزیز چنا اور امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالرحمن منگریو نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ میں ہے، عمران خان نے 3 سال میں صرف سکھوں، ہندوؤں اور قادیانیوں کو خوش کیا اور پاکستان کے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالرحمن منگریو کی قیادت میں جماعت اسلامی ضلع شکارپور کے امراء کا اجلاس فرقانیہ ہال میں منعقد ہوا، اجلاس میں، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ عزیز چنہ، عبدالفتاح سندھڑو، حافظ نیاز احمد بھٹی، عبدالسمیع بھٹی اور ایڈووکیٹ علی اصغر سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ حافظ نصراللہ عزیز چنا، امیر ضلع عبدالرحمن منگریو، امیر شھر عبدالسمییع بھٹی نے کہا کہ وفاق سمیت حکومت سندھ کی کارکردگی بھی صفر ہے، سندھ کے لوگ میٹھے اور صافی پانی کیلیے پریشان ہیں اور سابق چیف جسٹس کے بقول سندھ کے باشندوں کو زہریلا اور گٹر کا پانی پلایا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریات کے ساتھ عوام کو حقوق دلانے کیلیے میدان عمل میں موجود ہے، قوم کو سمجھنا چاہیے کہ سیکولر حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، عوام کے مسائل کا حل اسلام کے عادلانہ نظام میں ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ماضی میں شکارپور کا پینے کا میٹھا پانی ملک اور ملک سے باہر مشہور تھا جو اب زہریلا اور کڑوا بن گیا ہے۔ جماعت اسلامی شکار پور میں ایک بار پھر عوام کیلیے میدان عمل میں آئی ہے پہلے مرحلے میں آگاہی کیمپ اور 19جولائی کو ’’صاف پانی ہماری زندگی‘‘ کے عنوان سے پریس کلب شکارپور میں سیمینار منعقد کریںگے، شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہماری آواز کے ساتھ آواز بلند کریں تاکہ صاف پانی حاصل کر سکیں۔