کھاریانوالا کے مکینوں کا زمین پر قابض پٹواری کیخلاف احتجاج

255

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور پریس کلب کے سامنے حلقہ کھایارنوالا ضلع شیخوپورہ میں شہری قبضہ گروپوں کے سرغنہ اور گزشتہ 25 سال سے ایک ہی جگہ تعینات پٹواری ملک عیسیٰ کیخلاف زمینوں پر قبضے، خورد برد اور دھوکا دہی سے دیہاتی لوگوں سے انگوٹھے لگوا کر ان کی زمینیں اپنے خاندان کے افراد کے نام کرانے کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں محمد صدیق، مرزا محسن، شہزاد زمان، امجد خان، سجاد احمد، فوزیہ خان، شوکت علی نے مختلف متعلقہ محکموں میں دہائی دی مگر کسی جگہ کوئی شنوائی نہ ہو ئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹواری ملک عیسیٰ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث انکوائریاں ٹھپ کروا لیتا ہے اور معطل ہونے پر بھی چند ہی دنوں میں اسی جگہ تعیناتی کروا لیتا ہے۔ گزشتہ روز شریوں نے لاہور مال روڈ پر پٹواری ملک عیسی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ فوزیہ نے دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ پٹوای نے میری 23کنال 11 مرلہ جگہ دھوکے سے پٹوار خانے میں منشی اپنے سسر کے نام کروالی، اگر میری زمین واپس نہ کروائی تو گورنر ہائوس کے سامنے خود کو آگ لگا لوں گی۔ بابا محمد صدیق نے بتایا کہ میں نے 2004ء میں رقبہ خریدا میں زمین کی منتقلی کیلیے پٹوار خانے گیا جہاں ملک عیسیٰ نے مجھ سے مختلف کاغذوں پر انگوٹھے لگوا کر کہا بابا جی آپ کے نام انتقال چڑھ گیا ہے مگر مجھے 2018ء میں پتا چلا کے قابض تو میں ہوں مگر میرا رقبہ کسی اور کے نام ہے، میری وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، چیف جسٹس ہائیکورٹ، سیکرٹری ریونیو سے اپیل ہے کہ مجھ سمیت 50 سے زائد افراد کی زمین دھوکے سے اپنے خاندان کے نام منتقل کروانے پر پٹواری کیخلاف شفاف انکوائری کروائی جائے۔ اور اسے کیفر کردار پر پہنچاتے ہوئے حق داروں کو انکا حق دلوایا جائے۔