ناجائز پارکنگ وبال بن گئی، ختم کرائی جائے، مال روڈ کے تاجروں کا مطالبہ

380

لاہور (نمائندہ جسارت) انجمن تاجران الیکٹرونکس ہال روڈ لنک میکلورڈ روڈ کے صدر بابر علی خان نے کہا ہے کہ ہال روڈ اور مال روڈ پر پارکنگ اسٹینڈ ہزاروں تاجروں کیلیے وبال جان بن چکے ہیں، ان ناجائز پارکنگ اسٹینڈوں سے مافیا لاکھوں روپے کی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں جبکہ ٹریفک وارڈنز کی مکمل آشیرباد سے ہال روڈ کی مرکزی سڑک یک طرفہ ہونے کے باوجود دوطرفہ ٹریفک کیلیے استعمال کی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ہال روڈ پر تاجروں کی ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بابر علی خان نے مزید کہا ہے کہ پولیس، ٹریفک انتظامیہ، ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو بے شمار دفعہ ان ناجائز پارکنگ اسٹینڈز کے خاتمے کیلیے تحریری طور پر درخواست دے چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے جبکہ مافیا ان ناجائز پارکنگ اسٹینڈز کو مسلسل برقرار رکھ کر حکومت، انتظامیہ اور قانون کی حکمرانی کا منہ چڑا رہا ہے۔ مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان ناجائز پارکنگ اسٹینڈوں کو ختم کرنے کیلیے کوئی بھی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے، مافیا کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔