گریٹر تھل کینال منصوبوں سے سندھ کی زراعت بتاہ ہوجائیگی، نواب زبیر تالپور

275

بدین (رپورٹ محمد علی بلیدی) صدر سندھ آبادگار اتحاد نواب زبیر تالپور نے کہا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے گریٹر تھل کینال فیز 2 اور 3 منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس منصوبے سے سندھ کی زراعت تباہ ہوجائے گی، اگر منصوبہ شروع کیا گیا تو ہم احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 1991ء کے واٹر ایکارڈ اور بلوچستان کی رضا مندی کے بغیر کوئی ایریگیشن پروجیکٹ انڈس کے پانی پر نہیں بن سکتا۔ ڈاؤن اسٹریم میں پانی چھوڑنا ہے جو کہ انڈس ڈیلٹا کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سندھ بیراج بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں اس کے لیے پانی نہیں ہے اور ادھر پنجاب کی جانب سے گریٹر تھل کینال فیز 2، 3 منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس سے سندھ بیراج کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بھی گریٹر تھل کینال منصوبے کے خلاف 2 مرتبہ قراردادیں پیش کی جاچکی ہیں، ہم وفاق سے اپیل کرتے ہیں کہ اس منصوبے کی اجازت نہ دی جائے اور ایسا کوئی منصوبہ شروع نہ کیا جائے جس میں چاروں صوبے متفق نہ ہوں۔ انہوں نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ منصوبے کے لیے کسی قسم کی مدد فراہم نہ کی جائے اور سندھ آبادگار اتحاد کی جانب سے تمام سیاسی و سماجی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ گریٹر تھل کینال منصوبے کے خلاف ہمارا ساتھ دیا جائے، صوبائی و قومی اسمبلیوں میں اس سندھ دشمن منصوبے کے خلاف آواز بلند کی جائے۔