جسٹس فیصل عرب کی کراچی جیم خانہ اراضی لیز سے متعلق درخواست سننے سے معذرت

205

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے جسٹس و بنچ کے سینئر رکن فیصل عرب نے کراچی جیم خانہ کی اراضی کی لیز سے متعلق دائر درخواست کی سماعت سے معذوری ظاہر کردی ۔سپریم کورٹ کے جسٹس فیصل عرب ،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل بنچ نے کراچی جیم خانہ کی اراضی کی لیز سے متعلق عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ،سماعت کے موقع پر کراچی جیم خانہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جسٹس فیصل عرب جج بننے سے قبل کراچی جیم خانہ کے وکیل رہے چکے تھے،دوران سماعت صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ نے بورڈ آف ریونیو کو بغیر کسی تاخیر کے جیم خانہ کی زمین کی تجدید کرنے کا حکم دیا تھا ،بورڈ آف ریونیو نے 1999 میں کراچی جیم خانہ زمین کی لیز سے انکار کردیا تھا اور کراچی جیم خانہ کی زمین اربوں روپے کی ہے ،یہ 50 لاکھ روپے میں99سالہ لیز پر نہیں دی جاسکتی،لہذا استدعا ہے کہ عدالت عالیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے بعد ازاں بنچ کے سینئر رکن وجسٹس فیصل عرب نے مذکورہ درخواست کی سماعت سے انکار کردیا جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی ۔