کے الیکٹرک کو نوازنے کا سلسلہ جاری‘ سندھ حکومت نے40ایکڑاراضی الاٹ کردی

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے جانب سے کے الیکٹرک کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی حکومت نے 40ایکڑ اراضی الاٹ کردی۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت محکمہ توانائی کے دفتر میں منگل کو منعقدہ اجلاس میں سندھ میں توانائی کے منصوبوں میں اراضی کے حوالے سے مسائل کے حل اور منظوری کے احکامات دیے گئے۔ اجلاس میں کمشنر حیدآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے آن لائن شرکت کی۔ان کے علاوہ رکن لینڈ یوٹیلائزیشن اعجاز بلوچ، محکمہ توانائی سندھ کے افسران، کے الیکٹرک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کو ہاکس بے میں 500 کلو واٹ کے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 40 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے احکامات دیے گئے۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو بجلی کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ انہوں نے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے اراضی الاٹمنٹ کے احکامات دیتے ہوئے کے الیکٹرک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کریں۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے کے مختلف منصوبوں میں اراضی کے مسائل کے حل کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایات دیں کہ وہ توانائی کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور منصوبوں کی تیز تر تکمیل کے لیے بروقت اقدامات کریں۔ اجلاس میں تھر کول پروجیکٹ میں بجلی بنانے کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر لانے کے لیے ڈپٹی کمشنر تھر پارکر اور ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ کو ضروری احکامات دیے گئے۔ اجلاس میں گھارو اور جھمپیر میں ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں اور جامشورو میں کوئلے کے استعمال کے منصوبوں کی افادیت مقامی آبادیوں تک پہنچانے کے لیے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی CSR کے اصول و قوانین پر عملدرآمد کے بھی احکامات دیے گئے اور تھر فاؤنڈیشن کی طرز پر کینجھر فاؤنڈیشن بنانے کے لیے کام کو تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں۔