یورپ ترکی کیخلاف یونان اور قبرص کے ساتھ کھڑا ہوگا‘ فرانس

420

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی کے خلاف قبرص اور یونان کے موقف کی حمایت کرنے کے لیے یورپی یونین کے ممالک آپس میں متحد ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کی پڑوسی ممالک کے معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے یورپی پارلیمان کی خارجہ امور کی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی سطح پر ترکی کے طرز عمل کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی قبول نہیں کرے گا کہ لیبیا روس اور ترکی کے درمیان تقسیم شدہ مال بن جائے، ہم لیبیا کو دوسرا شام بنتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ دوسری جانب ترکی نے یورپی یونین کے خارجہ تعلقات و سلامتی امور کے ہائی کمشنر جوزف بوریل کے بیانات پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان آق سوئے نے کہا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم پر اختلافات کے بارے میں ترکی کے موقف سے سے تمام فریق آگاہ ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ترجیحی طور پر جو اقدامات کیے جا سکتے ہیں، ان میں تعاون اور ترک مخالف اتحاد بنانے کے بجائے غیر مشروط مذاکرات کا راستہ راستہ ہموار کرنا اہم ہیں۔