طالبان کے ساتھ امن معاہدہ اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا‘ امریکا

384

واشنگٹن/کابل (صباح نیوز+اے پی پی+آن لائن)امریکا نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ معاہدہ اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے امن عمل زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ معاہدے کے 135ویں روز فریقین ایک اہم سنگِ میل پر پہنچ گئے ہیں،امریکا نے معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔انہوںنے خبردار کیا کہ جب معاہدہ اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہوگا تو واشنگٹن کا نقطہ نظر کچھ شرائط پر مبنی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم قیدیوں کی رہائی کی تکمیل، تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز اور اس میں پیشرفت کے لیے دباو ڈالیں گے۔زلمے خلیل زادنے گزشتہ روز افغانستان کی انٹیلی ایجنسی کے دیہی دفتر پر طالبان کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کا حملہ بین الافغان مذاکرات میں مستقل طور پر جنگ بندی تک تشدد میں کمی سے متعلق ان کے عہد کے منافی ہے۔علاوہ ازیں افغانستان کے شمالی صوبہ فاریاب میں مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 نمازی شہید اور 3زخمی ہو گئے ۔ کابل کے قریب منی بس بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 مسافر ہلاک، 11 زخمی ہوگئے۔ادھر افغان حکومت کا کہنا ہے کہ طالبان کے 4 ہزار199 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔