سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت دے دی

883

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم جاری کردیا۔

شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت پر شوگر ملز کے وکیل اور اٹارنی جنرل عدالت کے روبرو پییش ہوئے۔

اعلیٰ عدلیہ نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے حکومت اور اداروں کو کارروائی کا حکم دیا ہے۔

تاہم حکومت کو شوگر ملز مالکان کے خلاف غیر ضروری اقدامات نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

سماعت پر وکیل نے کہا کہ وزرا بیان بازی کر کے میڈیا ٹرائل کرتے ہیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ بیان بازی سیاسی معاملہ ہے، مداخلت نہیں کر سکتے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یہ پہلا کمیشن ہے جس میں 2 وزرا اعلیٰ پیش ہوئے، وزیراعظم کے قریب ترین ساتھی کو بھی کمیشن میں پیش ہونا پڑا۔

اعلیٰ عدلیہ نے کہا کہ حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں جب کہ سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ 3 ہفتے میں شوگر ملز کی درخواستوں پر فیصلہ کریں۔

عدالت نے کہا کہ شفاف کام ہونا چاہیے تاکہ ذمہ داران کیفر کردار تک پہنچ سکیں۔

عدالت نے شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداران کو بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔