کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریاں مکمل ہیں، ناصر شاہ

170

کراچی (آن لائن) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل ہیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلیے انڈر پاسز اور تنگ مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے علی ہائوس کراچی میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہر میں مختلف علاقوں میں اگلی متوقع بارشوں کے پیش نظر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں جس میں مختلف سڑکوں کی استر کاری، مین ہولز پر ڈھکنوں کی تنصیب اور نالوں کی لگاتار صفائی شامل ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بارشوں کا اگلا اسپیل آنے والے چند دنوں میں متوقع ہے مگر حکومت سندھ نے پہلے سے ہی تمام صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دے لی ہے جس کے تحت ہر علاقے میں میونسپل کمشنرز اپنے علاقوں میں واقع نالوں کے حساس مقامات کا دورہ کررہے ہیں تاکہ ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل بنایا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تمام انڈر پاسز اور تنگ مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناگزیر صورت حال پر بنا کسی نقصان قابو پایا جاسکے۔