پیٹرولیم قیمتیں انٹرا کورٹ اپیل ،آئندہ سماعت پر وضاحت طلب

199

اسلام آباد(آن لائن)پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔درخواست گزار کے وکیل عبدالرحیم عدالت کے روبرو پیش ہو ئے ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جو ریٹ بڑھایا گیا اس کا طریقہ ہوتا ہے کہ اوگرا سمری بھیجے اوگرا کی جانب سے کوئی سمری نہیں بھیجی گئی فنانس منسٹری کی رکیوسٹ پر وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاپیٹر ول کی قیمتوں سے متعلق معاملہ پہلے کیبنٹ اجلاس میں اٹھایا جاتا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اوگرا رولز کیا کہتا ہے قانون کی خلاف ورزی کہاں ہوئی ہے وہ بتائیں ۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو ٹائم دے دیتے آئندہ سماعت پر وضاحت دیں ۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ آئندہ تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔علاوہ ازیںاسلام آبادہائی کورٹ میں وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں خلاف ضابطہ تعیناتیوں کے مقدمے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے کیس کی سماعت کی۔سیکرٹری ماحولیات کے وکیل کی طرف سے عدالتی حکم پر جمع کرائے گئے جواب اور تعینات امیدواران کی تعلیمی قابلیت کی لسٹ کی اسکروٹنی کے بعد میرٹ کی خلاف ورزی ثابت ہو گئی۔ دوران سماعت جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے ریمارکس دیے کہ کیا ہمارے قانون میں کوئی ایسی شق موجود ہے جس کے تحت سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے لیے نجی کمپنی ذمے دار ہو۔درخواست گزار کے وکیل کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2008ء کے فیصلے کی کاپی پیش کی ،جس کے مطابق OTS کو وفاق میں تقرریوں کے لیے غیر فعال قرار دیا گیا ہے ۔اس فیصلے کو دیکھنے کے بعد عدالت نے کہا کہ اب ٹین بلین سونامی ٹری پروگرام میں بھرتیاں غیر فعال ہو گئیں ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ محکمہ ماحولیات کے وکیل یہ فیصلہ پڑھ لیں،15 جولائی کو فریقین کی موجودگی میںفیصلہ سنایا جائے گا۔