کسانوں کو اسپرے کے لیے ڈرونز فراہم کیے جائیں گے ،فواد چودھری

244

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھر ی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ زراعت کے فروغ کے لیے ڈرون کے ذریعے کسانوں کو اسپرے کی سہولت فراہم کی جائے گی، کسان ڈرون خریدے بغیر اوبر کی طرز پر کال کرکے ڈرون اسپرے خدمات حاصل کر سکیں گے، زراعت کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی سے انقلاب آئے گا، وینٹی لیٹرز کی مقامی طور پر تیاری کے لیے3 مزید کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے، عیدالاضحی 31 جولائی کو ہو گی، رویت ہلال کمیٹی کے لیے مزید سہولیات پیدا کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں نجی کمپنی سے ڈرون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈرون اسپرے ٹیکنالوجی سے زراعت کے شعبے میں انقلاب آئے گا، ایک گھنٹے کا کام 5 منٹ میں مکمل کرتے ہوئے کسان اسپرے، فصلوں مانیٹرنگ اور ان کی میپنگ کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا طویل عرصے سے ڈرون ٹیکنالوجی سے زراعت سمیت دیگر شعبوں میں استفادہ کر رہی ہے مگر پاکستان میں ہم یہ پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس کمپنی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے جا رہے ہیں وہ پہلے دفاع کے شعبے میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈرون کے ذریعے چاند دیکھنے کے حوالے سے بھی استفادہ کیا جا سکے گا،ہم رویت ہلال کمیٹی کے کام کو آسان بنانے کے لیے اسے جدید سہولیات سے آراستہ کر رہے ہیں۔