عدالت عظمیٰ: 6ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے ملزم کی اپیل خارج

152

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے 6 ارب روہے کی مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم کی اپیل ضمانت خارج کر دی ہے، درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے دلائل دیے کہ نریش کمار چاول کے کاروبار سے منسلک ہیں، نریش کمار 2012ء سے یہی کام کررہے تھے اور اپنا کمیشن لیتے تھے،2012ء سے 2020ء
تک چاول کی خریداری کے لیے پیسے آتے رہے جس پر ایف آئے اے نے کارروائی کی،سندھ میں چاول کا سارا کاروبار ہندو کمیونٹی کے پاس ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ ملزم اپنے کاروبار کے حوالے سے کہیں بھی ایک دستاویز نہیں دے سکا ہے، اتنی بڑی ٹرانزیکشن کا ثبوت ہی نہیں کہ کس سے خریدا کس کو فروخت کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کے اکاؤنٹ سے جتنی ٹرانزیکشن ہوئی ایک ہی اکائونٹ سے ہے، کوئی ایک دستاویز دکھا دیں آپ کا چاول کا کاروبار ہے۔ جسٹس اعجازلاحسن نے کہا کہ 6 ارب سے زیادہ کی ٹرانزیکشن ہے اور خریداری کا کوئی ریکارڈ نہیں، ٹرائل کی کیا صورتحال ہے 3ماہ کا کہا گیا تھا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ چارج فریم نہیں ہوا بس آج کل میں ہونے والا ہے۔عدالت عظمیٰ نے درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔