بلاول خود کو بی جے پی کا رہنما ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں ‘ خرم شیر زمان

286

کراچی (نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری خود کو پریس کانفرنس کے ذریعے
بی جے پی کا رہنماء ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،ادویہ ، گندم ، زکوۃ ، ویکسین جیسی چیزوں میں کرپشن کرنے والے عمران خان پر تنقید کررہے ہیں، سندھ حکومت جس سیاسی بیساکھی پر کھڑی ہے اسے گرانے کا وقت آچکا ہے، جے آئی ٹی کے رحم و کرم پر قائم سندھ حکومت اب نہیں بچ سکتی ،بلاول عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی پر شور مچانے کے بجائے عدالت عظمیٰ سے نوٹس کا مطالبہ کریں ،بلاول جانتے ہیں کہ ان کا اور ان کے والد کا اب حکومت میں آنا ناممکن بن چکا ہے۔ انصاف ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو پیپلزپارٹی کی سپورٹ اور زرداری صاحب انہیں تمغے دیتے رہے ،بلاول اپنی پھپو کو بتائیں کہ ان کو وزیر سندھ کے عوام کو صحت کی سہولیات دینے کے لیے لگایا گیا ہے ،وزیر صحت صرف بلاول کی پریس کانفرنس میں ظاہر ہوتی ہیں بعد میں دوربین سے بھی نظر نہیں آتی ،بلاول کی باتوں سے محترمہ شہید کی تربیت نہیں جمیل سومرو کی تربیت ظاہر ہوتی ہے۔