شوگر مل والوں کا الزام بے بنیاد ہے،نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا ،اٹارنی جنرل

191

اسلام آباد (آن لائن)شوگر انکوائری کمیشن کیس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں اضافی دستاویز جمع کرادی گئی ہیں۔اضافی دستاویزات میں شوگر انکوائری کمیشن کا گزٹ نوٹیفکیشن سمیت مقدمے کا خلاصہ بھی شامل ہے۔ اٹارنی جنرل کی طرف سے جمع کرائی گئی اضافی دستاویزات میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شوگر ملز والوں کا آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی کا الزام بے بنیاد ہے، نوٹیفکیشن کے معاملے کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا گیا، انکوائری کمیشن کی تشکیل آئین اور قانون کے مطابق ہے،چینی کی قیمتوں میں اضافہ بنیادی انسانی حقوق اور آرٹیکل 9 کا ہے،جواب دہندہ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور تمام اداروں کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر انکوائری کیخلاف شوگر ملز کی درخواست مسترد ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے 35 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر انکوائری کمیشن نے جرات کے ساتھ ایک شفاف رپورٹ پیش کی ،شوگر انکوائری کے معاملے پر حکومت کو کارروائی کی آزادی دینے کی ضرورت ہے، حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، انہیں ذمے داروں کا تعین کرنے کی آزادی ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ چینی ایک بنیادی ضرورت کی چیز ہے جس کا تعلق براہ راست عوام کے ساتھ ہے۔ عدالتی مداخلت سے عوام کی مشکلات دور کرنے میں تاخیر ہوگی ۔