احتساب ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا‘ وزیراعظم سے شروع کیا جائے‘ اسداللہ بھٹو

128

میرپورخاص(بیورورپورٹ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ملک سیاسی ومعاشی طوربحران کی زد میں ہے، صوبائی اوروفاقی وزراء ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کے بجائے عوام کے مسائل حل اورعوام کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں۔موجودہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا،احتساب شروع کرنا ہے تو وزیر اعظم سے شروع کیا جائے، عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہئے،سابقہ حکومتوں کی طرح موجود ہ حکومت بھی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص پریس کلب میں میٹ دی پریس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی ناظم عمومی محمد دین منصوری، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،مقامی امیرحاجی نور الٰہی مغل، جنرل سیکرٹری محمد عاصم شیخ ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے پہلے آٹا پھر چینی اور اب پیٹرول کا ایشو ہے وزراء ایک دوسرے کے خلاف بیان دینے میں مصروف ہیں موجودہ حکومت اتنے اختیارات ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے مجھے نہیں لگتا کہ موجودہ حکومت چل پائے گی انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کے بارے میں جاری ہونے والے جے آئی ٹی رپورٹ پر شکوک و شبہات ختم کرنے کے لیے سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے اور انہوں نے اپیل کی کہ سپریم کورٹ اپیلیٹ شریعت بینچ میں علماء کا تقررر فوری طور پر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا جبکہ جماعت اسلامی نے میرپورخاص میں 28 لاکھ روپے مالیت کا راشن،ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کیلیے حفاظتی کٹس اور دیگر سامان فراہم کیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے عدالتوں سے درخواست کی کہ کرپشن کے زیر التوا ء مقدمات کو جلد نمٹایا جائے انہوں نے کہا کہ ہمیں احتساب ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے اگر احتساب کرنا ہے تو وزیر اعظم کے خلاف مقدمات کیوں نہیں چلائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ڈویڑنل ہیڈ کواٹر ہے یہاں این آئی سی وی ڈی سمیت دیگر عوامی سہولت اور صحت کے ادارے قائم ہونے چاہئیں اس موقع پر امیر شہر نور الاہی مغل نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص سے ایس او پی کے تحت ٹرین سروس کو بحال کیا جائے۔