وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحانات کانصف مرحلہ مکمل

517

کراچی (نمائندہ جسارت) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ سالانہ امتحان کا نصف مرحلہ مکمل ہوگیا۔وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن،جامعہ دارالعلوم کراچی اور جامعہ فاروقیہ کے امتحانی سینٹر کا دورہ کیا،اس موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری ن نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتحان کا انعقاد خوش آئند ہے،علماء ومدارس دینیہ کے ذمے داران نے امتحانی مراکز میں جس اہتمام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا وہ دیگر تعلیمی اداروں کے لیے قابل تقلید ہے،مدارس کا امتحانی نظم اپنی شفافیت کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے ، تربیت یافتہ نگران عملہ جید علما پر مشتمل ہوتا ہے،پرچوں کی جانچ پڑتال کے لیے ملک بھر کے ماہر مدرسین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے وزرا اور اعلیٰ تعلیمی شخصیات کو مدارس میں مراکز امتحان کے دورے کی دعوت دی۔دریں اثنا ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی،رکن مرکزی مجلس عاملہ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان اور مولانا طلحہ رحمانی نے تیسرے پرچہ کے موقع پہ جامعہ بنوریہ العالمیہ،جامعہ الصفہ،جامعہ فاروقیہ ،جامعہ ندوۃ العلم،جامعہ امدادالعلوم،جامعہ فاروق اعظم،جامعہ حنفیہ،جامعہ گلشن عمر کے امتحانی سینٹرز میں ایس او پیز اورانتظامات کا جائزہ لیا،اس موقع پہ مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا ملک بھر کے 2250 امتحانی مراکز میں تیسرے پرچہ کے ساتھ امتحان کا نصف مرحلہ مکمل ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اندرون سندھ میں وفاق المدارس سندھ کے معاون ناظم مولانا قاری عبد الرشید اور رکن عاملہ مولانا محمد خالد نے ضلع میر پور خاص،ٹنڈو الہ یار اور ڈگری جبکہ ڈاکٹر سیف الرحمن نے حیدرآبار، مٹیاری اور جام شورو کے مراکز کا دورہ کیا۔