گریٹر تھل کیناک منصوبہ سندھ کی زراعت کی تباہی ہے،زبیر تالپور

208

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ آباد گار اتحاد کے صدر نواب زبیر تالپور نے اپنے بیان میںوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے جنوبی پنجاب میں گریٹر تھل کینال فیز 2 اور 3 منصوبے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ گریٹر تھل کینال منصوبے کی اجازت نہیں دی جائے کیونکہ یہ سندھ کی زراعت کی تباہی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1991ء کے واٹر ریکارڈ کے تحت سندھ اور بلوچستان کی رضا مندی کے بغیر کوئی منصوبہ انڈس کے پانی پر نہیں بنایا جاسکتا اور 1991ء کے واٹر ریکارڈ کے تحت ڈاؤن اسٹریم کوٹری بیراج میں دس میف پانی چھوڑنا ہے جو کہ انڈس ڈیلٹا کے لیے انتہائی اہم اور ضروری ہے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق نچلے اور ساحلی طبقے کی رضا مندی کے بغیر کوئی منصوبہ بنایا نہیں جاسکتا۔ ایک طرف سندھ بیراج بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں اس کے لیے بھی پانی میسر نہیں ہے اور دوسری جانب پنجاب میں ایک نیا منصوبہ گریٹر تھل کینال فیز 2,3 شروع کرکے سندھ بیراج کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں دو مرتبہ گریٹر تھل کینال کیخلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئی ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جائے، جس پر چاروں صوبے متفق نہ ہوں ورنہ یہ استحکام پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔ گریٹر تھل کینال کا منصوبہ معطل نہیں کیا گیا تو ہم اپنی احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مطالبہ کیا کہ گریٹر تھل کینال فیز ٹو اور تھری کے لیے کسی بھی طرح کی معاونت نہیں کی جائے، ہم سندھ کی تمام سیاسی وسماجی جماعتوں اور تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ گریٹر تھل کیخلاف ہمارا ساتھ دیں اور قومی وصوبائی اسمبلی میں گریٹر تھل کینال فیز ٹو اور تھری منصوبے کیخلاف آواز بلند کی جائے۔