این سی او سی اجلاس،مویشی منڈیو کے اوقات صبح 6 تا شام7 مقرر

170

لاہور/اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ اے پی پی) وفاقی وزیر پلاننگ ڈیولپمنٹ ریفارمز و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر صحت کے رہنما اصولوں پر عمل درآمد کے لیے شہروں سے باہر مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی‘ شہروں کے اندر کسی مویشی منڈی کی اجازت نہیں ہے‘ منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوں گے‘ مقامی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ منڈیوں میں داخل ہونے والے لوگوں کی اسکریننگ، ماسک اور سماجی دوری کا اہتمام ہو اور کسی بھی جگہ پر مخصوص افراد کو ایک مقرر وقت تک ٹھہرنے کی اجازت دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ہجوم سے بچا جا سکے‘عیدالفطر کی طرز پر عیدالاضحی کی نمازیں پڑھائی جائیں۔وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں این سی او سی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی چیف سیکرٹریز وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی، مویشی منڈیوں کے انتظامات کے بارے میں غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوںکا صحیح انتظام بیماریوں پر قابو پانے کے لیے بہت ضروری ہے‘ دیہی علاقوں کے لوگوں کے شہروں میں آنے اور جانوروں کی خرید و فروخت کے بعد واپس جانے کے لیے انتظامات ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے ہیں‘ ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے مزید69 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار532 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے2769 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے‘341 3 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں‘ ایک لاکھ 61 ہزار 917 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں‘ اب تک ملک بھر میں کورونا کے 2لاکھ 51ہزار625 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں آزاد کشمیر 1599، بلوچستان 11ہزار185، گلگت بلتستان 1671، اسلام آباد 14ہزار108، کے پی کے 30 ہزار486، پنجاب 87 ہزار23 اور سندھ کے ایک لاکھ 5 ہزار533 کیسز شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کوروناکے 5ہزار 266مریض انتقال کر چکے ہیں جن میں سندھ 1795، پنجاب 2013، کے پی کے 1099، اسلام آباد 153، بلوچستان 126، گلگت بلتستان 36 اور آزاد کشمیر کے 44 افراد شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں15لاکھ 85 ہزار170 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔