دنیا میں ایک ارب 60 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہوئے‘ برطانوی تنظیم

186

لندن (اے پی پی) بچوں کے حوالے سے برطانوی تنظیم سیودی چلڈرن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈائون کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے سے دنیا میں ایک ارب 60 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہوئے جو عالمی سطح پر زیر تعلیم بچوں کا 90 فیصد ہیں۔ یہ بات تنظیم نے پیر کو جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں بتائی۔ سیو دی چلڈرن نے اقوام متحدہ کے ادارے یونسیکو کے اپریل کے بارے میں اعداد و شمار کے حوالے سے کہا کہ 97 لاکھ بچے ایسے ہیں جو دوبارہ کبھی اسکول نہیں جاسکیں گے‘ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں اور لڑکیوں کو قبل از وقت شادیوں پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔ سیو دی چلڈرن کے چیف ایگزیکٹو انگر ایشنگ نے کہا کہ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ہنگامی سطح پر سرمایہ کاری کریں‘ حکومتیں اور مخیر شخصیات و ادارے عالمی تعلیمی پروگرام کے تناظر میں فروغ تعلیم کے مزید فنڈز خرچ کریں تاکہ بچوں کو اسکولوں میں واپس لاکر حفظان صحت کے اصولوں کے تحت تعلیم سے فیضیاب کیا جاسکے۔ انہوں نے کمرشل قرض دہندگان پر بھی زور دیا کہ وہ کم آمدنی والے ممالک کے قرضوں کی ادائیگی معطل کردیں اس سے انہیں 14 ارب ڈالر کی رقم تعلیمی سرگرمیوں کے لیے دستیاب ہوسکتی ہے۔