پی ٹی آئی سے وابستہ توقعات دم توڑ رہی ہیں‘ حسین محنتی

202

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم دستور پاکستان کی روح ہے۔ حکومت نان اشو کو اشو بنانے کے بجائے اصل مسائل پر توجہ دے۔ اس وقت ملک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کے الیکٹرک سمیت عوامی مسائل پر ہمیشہ جماعت اسلامی نے آواز اٹھاکر حق ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دہلی کالونی کلفٹن میں اجتماع کارکنان سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایک نجی اسپتال کا افتتاح بھی کیا۔ مقامی ناظم طارق الرحمن بھی ساتھ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے زوردیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انتخابات میں
بلاتفریق احتساب، مہنگائی، بیروزگاری و کرپشن کے خاتمے سمیت جو قوم سے وعدے کیے تھے ان کو پورا کرنا چاہیے کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے قوم کو بڑے سبز باغ دکھائے تھے۔ 22 ماہ گزر جانے کے کے باوجود ایک و عدہ بھی پورا نہ ہونے سے پی ٹی آئی حکومت سے وابستہ توقعات دم توڑ رہی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کو پریشان، معاشی خراب صورتحال سے تاجر طبقہ مایوس اور بجلی بحران نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں دوسرے سال مہنگائی دگنی بڑھ گئی ہے جو کہ ان کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کیلیے سارا ملبہ کورونا وباء پر ڈال کر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے نجات کا واحد حل ملک میں قرآن و سنت کا نفاذ اور دیانتدار قیادت ہے جس کیلیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے۔