سعودی عرب نے 160 ممالک کے عازمین حج کا انتخاب کرلیا

572

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 160 ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد رواں برس حج کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حرمین شریفین سے متعلق امور کے محکمے نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ تمام خوش قسمت درخواست گزاروں کو موبائل فون پیغام کے ذریعے مطلع کردیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ درخواستوں کو عازمین کے تحفظ اور اچھی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ معیار کے مطابق جانچا گیا ہے۔ حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی تھی۔سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70 فیصد کا تعلق بیرونی ممالک سے ہوگا جب کہ 30 فیصد سعودی عرب کے شہری ہوں گے۔ وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 28 ذی قعد سے 12 ذی الحج تک کسی نے بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش کی تو اس پر 10ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا اور اگر کسی نے خلاف ورزی کو دہرایا تو جرمانہ دوگنا ہو جائے گا۔ مقدس مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر سیکورٹی اہل کار تعینات کیے جائیں گے۔