دینی مدارس اور مساجد میں کمیونٹی سینٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے

227

 

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور مساجد میں کمیونٹی سینٹر قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو دینی اور دنیوی سہولتیں بروقت فراہم کی جاسکیں۔ اسلام میں مسجد کو بڑی اہمیت حاصل ہے، ہمارے نبیﷺ کے دور میں اسلامی ریاست کا ہیڈ کوارٹر مسجد نبویﷺ تھا۔ لیکن آج کے مادی دور میں جب لوگوں نے اسلامی شعائر سے منہ موڑا ہے اور مساجد کی مرکزی حیثیت ختم کی ہے، مال ودولت کی حرص میں مبتلا ہوگئے ہیں تو عتاب الٰہی کی زد میں آگئے ہیں۔ دارالعلوم تفہیم القرآن سکھر میں امتحانی مرکز کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ہی مستقبل کے امام ہیں، قوم کی درست رہنمائی کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورت دینی علم کا حصول ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی زندگی شریعت کے مطابق گزار سکیں گے۔ ہر گلی میں مسجد قائم کی جائے اور عوام کو اس سے جوڑا جائے۔ تقاریب نکاح مساجد میں منعقد کی جائیں۔ اپنی اولاد کو مساجد کا راستہ دکھایا جائے۔ اسلامی حکومت میں مساجد کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ قرآن کی تعلیم، نماز باجماعت، تعلیم بالغان، دکھ وسکھ کی تقاریب اور دروس قرآن کی محافل مساجد کی زینت ہوتی ہیں۔ علما کرام انبیاء کے دینی وسیاسی وارث ہیں وہ آگے آئیں اور قوم کو مصائب کی دلدل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام سے نا آشنا، سیکولر ازم کے نمائندے قوم پر عذاب ہیں۔ مدارس میں دینی اور دنیوی تعلیم کا منظم اور مضبوط نظام قائم ہے، جس کی مثال آج کے امتحانات کی شکل میں موجود ہے۔ عوام کی دین سے محبت کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکے گا۔