لاک ڈاؤن میں ہزاروں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا، مشتاق احمد

172

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے لاک ڈاؤن کے موقع پر ہزاروں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، رمضان المبارک میں افطاری اور عید الفطر کے موقع پر سلے سلائے جوڑے تقسیم کیے گئے،، یہ کام ہم نے صرف اللہ کی رضا کے لیے کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ مشتاق احمد عادل الخدمت فاؤنڈیشن ضلع سانگھڑ کے صدر سید توحید احمد ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم عبدالستار انصاری نے الخدمت و جماعت اسلامی کے ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے، اس موقع پر ٹنڈوآدم میں قربانی کرنے والے حضرات الخدمت اور جماعت اسلامی کے ساتھ کھالوں کے سلسلے میں مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی مشکل گھڑی میں زیادہ سے زیادہ مستحق لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ٹنڈو آدم شہر اور مختلف دیہات میں 15 مقامات پر ہینڈ پمپ لگوائے ہیں اور معذوروں میں وہیل چیئرز تقسیم کی ہیں جبکہ الخدمت کا فلٹر پلانٹ صرف ایک روپے فی لیٹر صاف اور معیاری پانی فراہم کررہا ہے، لاک ڈاؤن کے موقع پر عوام نے موازنہ کرلیا کہ صرف الخدمت ہی مستحقین کی مدد کے لیے میدان عمل میں تھی، اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ وہ قربانی کے موقع پر الخدمت کو یاد رکھیں۔