فصلوں کو بیماریاں لگنے کا ذمے دار محکمہ زراعت ہے ، کاشتکار

208

 

سہون (جسارت نیوز) محکمہ زراعت کے عملے کی لاپروائی کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان، محکمے کا عملہ نہ تو کاشتکاروں کوفصلوں کو لگنے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے کوئی مشورہ دیتا ہے نہ زمینوں کا دورہ کرتا ہے، کاشتکاروں کا صوبائی وزیر زراعت سے تدارک کرنے کا مطالبہ۔ تحصیل سہون کے آبادگاروں اور کاشتکاروں نے کہا کہ فصلوں میں بیماریوں اور دوسرے مسائل کی وجہ سے انتہائی پریشان حال ہیں، اوپر سے نقلی دوائوں اور نقلی کھاد نے سب کچھ تباہ کرکے رکھ دیا ہے، مسلسل لاپروائی کی وجہ سے محکمہ زراعت کا عملہ کہیں بھی نظر نہیں آرہا۔ برسوں سے پورے تحصیل میں کہیں کسی بھی زمیندار یا کسان کی زمین کا دورہ اور نہ ہی کسی کو کوئی زرعی مشورہ دینا مناسب سمجھا ہے، جس سے ان کی مشکلات میں کمی آسکے اور نقصانات سے بچایا جاسکے۔ علاقائی زمینداروں نے بتایا کہ ہمیں ہر فصل کے لیے مناسب ہدایات اور مشوروں کی انتہائی ضرورت ہوتی ہے لیکن محکمہ زراعت کی جانب سے آج تک کوئی ماہر زراعت ہماری زمینوں پر نہیں آیا اور اسی وجہ سے ہم مجبور ہوکر نجی کمپنیوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں، جو اپنی نقلی ادویات اور کھاد ہمیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں اور نتیجے میں زمیندار کے ساتھ ساتھ بے چارہ ہاری بھی کم آمدن اور فصل میں نقصان کی وجہ سے مارا جاتا ہے جس کی ذمے داری محکمہ زراعت سندھ کی ہے۔ زمینداروں اور ہاریوں رئیس قادر بخش رند، وڈیرہ نثار ہالیپوتہ، عبدالکریم انصاری اور دیگر نے کہا کہ پورا سال اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات محنت و مشقت کرتے ہیں، آخر میں جب حساب کتاب ہوتا ہے تو فائدے کے بجائے قرضہ ہی ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر زراعت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ہمارا ملک ایک زرعی ملک ہے، برائے مہربانی تحصیل سہون کی زراعت پر توجہ دیں تاکہ یہاں کے لوگ بھی زراعت میں خودکفیل بن کر ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔