ایس ایم منیر نے مستقل بنیادوں پر لاہور میں رہائش اختیار کرلی

119

کراچی (اے پی پی) پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور بزنس لیڈر ایس ایم منیر نے مستقل بنیادوں پراپنی پوری فیملی کے ہمراہ کراچی کو خیرباد کہہ کر لاہور میں رہائش اختیار کرلی، وہ اتوار کو لاہور روانہ ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر، سابق چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ، سرپرست اعلیٰ یونائیٹیڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر نے کراچی سے اپناسامان سمیٹ لیا ہے اور وہ اپنی فیملی کے ہمراہ مستقل بنیادوں پر لاہور شفٹ ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ ان کے ایک بھائی ایس ایم نصیر، صاحبزادے ایس ایم تنویر اور ایس ایم عمران پہلے ہی لاہور شفٹ ہوچکے تھے۔ ایس ایم عمران لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے انتہائی قریبی دوست تصور کئے جاتے ہیں۔ایس ایم منیر کے ہمراہ انکے دیگر بھائی ایس ایم پرویز،ایس ایم جاوید اورایس ایم طارق بھی کراچی سے لاہور چلے گئے۔ایس ایم منیر نے لاہور روانگی سے قبل کہاکہ انکی کراچی سے وابستگی کبھی ختم نہیں ہوسکتی کیونکہ میرا دل یہیں رہے گا، میرے ادارے دین گروپ کا آفس بھی کراچی میں قائم رہے گا اور میں بھی ہرتین ماہ بعد کراچی آئوں گا۔