امریکی اقدامات سے چینی کمپنیاں دیگر ممالک منتقل ہورہی ہیں ،میاں زاہد

218

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ، ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ امریکا اوریورپ کے چین پر کم انحصار کرنے کے فیصلے، بڑھتے ہوئے کاروباری اخراجات، امریکا اور چین کے مابین مسلسل کشیدگی، چینی مصنوعات پر اضافی محصولات اور کورونا وائرس کی وجہ سے متعدد چینی کمپنیاں دیگر ممالک منتقل ہورہی ہیں۔اس صورتحال میں ساری دنیا چین سے نقل مکانی کرنے والی کمپنیوں کو اپنی جانب مائل اور متوجہ کرنے میں مصروف ہے مگر ہمارے پالیسی ساز سو رہے ہیں۔میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست اور پڑوسی ملک ہے مگر اس وقت تک کسی ایک چینی کمپنی نے بھی پاکستان منتقل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ سرمایہ کاراولین ترجیح کاروباری ماحول کو دیتے ہیں جس میں ہم دیگر ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔صرف سستی لیبر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ناممکن ہے۔ کیونکہ پاکستان سیاسی عدم استحکام، بنیادی پالیسیوں میں اچانک غیر متوقع تبدیلی، مناسب انفرااسٹرکچر کی غیر موجودگی، سڑکوں اور ریلوے کی حالت زار، مشکل ترین ٹیکس نظام، معاہدوں پر عمل درآمد سست روی کا شکار ہے۔