سرجانی میں فائرنگ، نوجوان کو زخمی کرنے کا مقدمہ کسٹمز اہلکاروں کیخلاف درج

210

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سرجانی ٹائون میں گزشتہ روز کسٹم اہلکاروںکی کارروائی کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے نوجوان کے والدنے کسٹم اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس کے مطابق زخمی نوجوان مراد علی کے والد نے اقدام قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی ۔ مقدمے کے متن میں مدعی کا کہنا ہے کہ مراد علی کسٹم عملے کی فائرنگ سے زخمی ہوا، میرا سرجانی ٹائون کی نیک محمد گوٹھ میں لکڑی کا ٹال ہے،بیٹا مراد علی اتوار کی صبح ساڑھے 8 بجے ٹال سے گھر جانے کا کہہ نکلا، میرا بیٹا جیسے ہی روڈ پر پہنچا تو فائرنگ کی آواز آنے لگی، میرا بیٹا روڈ پر جاتے ہوئے موٹرسائیکل سمیت گرگیا، میں نے دیکھا ایک لینڈ کروز کے پیچھے ایک سفید گاڑی لگی ہوئی تھی، سفید گاڑی میں بیٹھے لوگ فائرنگ کر رہے تھے، میرا بیٹا زد میں آگیا، میرے بیٹے کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور خون بہت بہہ رہا تھا، گوٹھ والوں سے پتا چلا کہ فائرنگ کرنے والے کسٹمز اہلکار ہیں اور فائرنگ میں کسٹمز اہلکار علی زیب، سعد برہان الدین، مہر علی ملوث ہیں، صدام حسین اور افتخار خان بھی فائرنگ میں ملوث ہیں، انہوںنے کہا کہ کسٹمز اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے بیٹے کو زخمی کیا۔ فائرنگ میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔