افغانستان : سرکاری کپمائونڈ میں کار بم دھماکا اور جھڑپیں ، 33 ہلاک

152

 

کابل (خبرایجنسیاں)افغانستان کے شمالی علاقے میں سرکاری کمپاؤنڈ پر کار بم دھماکے اورجھڑپوںمیں 33افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ سمنگان صوبے کے دارالحکومت ایبَک میں سرکاری کمپاؤنڈ پر کیا گیا جو ملک کی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ (این ایس ڈی) کے دفتر کے قریب واقع ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان محمد صدیق عزیزی نے کہا کہ یہ بڑا حملہ تھا جس کا آغاز کار بم دھماکے سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ حملے کا اختتام افغان سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 حملہ آوروں کی ہلاکت کے بعد ہوا۔سمنگان کے گورنر عبداللطیف ابراہیمی کا
کہنا تھا کہ حملے میں 10 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور شہریوں سمیت 60 افراد زخمی ہوئے ۔افغان حکام کے مطابق طالبان حملہ آوروں نے این ڈی ایس کی عمارت کے نزدیک کار بم دھماکا کیا اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔اس دوران حملہ آوروں کا افغان سیکورٹی اہلکاروں سے مقابلہ ہوا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔افغان حکام کے مطابقطالبان نے ملک کے مختلف حصوں میں سیکورٹی چیک پوسٹوں پر رات گئے حملے بھی کیے ۔ بدخشاں صوبے میں 7، قندوز میں 14 اور پروان میں 4 سیکورٹی اہلکارمارے گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق مقابلے میں 11طالبان مزاحمت کار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔طالبان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ان کے حملے میں قندوز میں 9 اور بدخشاں میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔افغان مقامی عہدیدار کے مطابق طالبان نے قندوز کے ضلع امام صاحب میں ڈسٹرکٹ پولیس اسٹیشن اور مقامی حکومت کے دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔