وزیر اعظم ملک کیلیے خطرہ ہیں ، بلاول کا سڑکوں پر نکلنے کا اعلان

183

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ حکومت معاشی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈرامے کرتی ہے، عمران خان جمہوریت اور معیشت کے لیے خطرہ ہیں، عمران خان پاکستان کے پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام کو کشمیر پر متحد نہیں کیا،کے الیکٹرک اورپی ٹی آئی کے مک مکا کی وجہ سے اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے،عوام کوریلیف نہ دیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، آج بھی وزیراعظم کو کہتے ہیں پیچھے ہٹ جاؤ،کورونا کی پرواہ نہیں کریں گے،احتجاج کرتے ہوئے ان کو گھسیٹ کر باہرنکالیں گے،پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اب ہماری معیشت اور جمہوریت کو جو نقصان پہنچارہے ہیں عمران خان کا وزیراعظم رہنا نہ صرف ہمارے جمہوریت،
معیشت بلکہ ہر پاکستانی کی زندگی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔بلاول زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو معیشت اور جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر احتساب کا نظام موجود ہے تو سب کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔بلاول نے وزیر اعظم پر تنقید کے نشتر چلائے اور الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا۔ ’’سلیکٹڈ‘‘ یا ’’الیکٹڈ‘‘ہم سب کشمیر کاز پر اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے قوم کو کشمیر کاز پر متحد نہیں کیا۔بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی الیکشن مہم میں حمایت کی تھی، وہ مسئلہ کشمیر پر اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مزدور، محنت کشوں اور کورونا کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والوں اور ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی کچھ نہیں رکھا گیا، پاکستان میں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،ملک میں ایسا معاشی بحران پہلے نہیں دیکھا،ہم بے روزگاروں کی مدد کریں گے۔سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کم وسائل اور مشکلات کے باوجود پرعزم ہے، گورننس کا الزام لگانے والے کورونا کے علاج کے حوالے سے ہم سے موازنہ کر لیں، سندھ میں آئی سی یو بیڈز اور ٹیسٹ کی تعداد سب سے زیادہ ہے، ہم صرف نعرے نہیں لگا رہے بلکہ عملی اقدامات کرکے دکھا رہے ہیں، جن کے پاس وسائل نہیں، ان کا ٹیسٹ مفت اور علاج کرا رہے ہیں، دوسری جانب وفاق جان بوجھ کر ٹیسٹوں کی تعداد کم کر رہا ہے، جب ٹیسٹ نہیں کریں گے تو مریضوں کا گراف نیچے ہی جائے گا۔انہوں نے الزام عاید کیا کہ پورے پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے لیکن میڈیا اسے رپورٹ نہیں کرتا، بلین ٹری سونامی، مالم جبہ پولیو، حج معاملات اور فارن فنڈنگ کیس میں بھی کرپشن ہوئی لیکن نیب خاموش ہے، جہانگیر ترین بھی بھاگ گیا، ان کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے پی آئی اے جہاز بیرون ملک نہیں جا سکتا، شوگر اور آٹے کی کرپشن پر’’سلیکٹڈ‘‘کو بھی جواب دینا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر احتساب کا نظام موجود ہے تو سب کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے، نیب وفاقی کرپشن کو سہولت دے رہی ہے جبکہ سندھ کا وزیراعلیٰ ہر ہفتے اسلام آباد میں پیشی بھگتا ہے، یہ دوہرا نظام ہے، بی آر ٹی پرا سٹے کیوں ہے؟ اگر ملک میں ایک قانون ہے تو بی آرٹی پر اسٹے ختم کیا جائے۔