موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ہدف 10برس قبل حاصل کرلیا‘ملک امین اسلم

180

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے صاف و سرسبز پاکستان کے وژن اور قیادت کی بدولت پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف ’’کلائمیٹ ایکشن‘‘ کو مقررہ مدت 2030ء کی ڈیڈ لائن سے 10 سال پہلے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، اس حوالے سے کلین اینڈ گرین پروگرام، بلین اور 10 بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کا کردار اہم رہا، موجودہ حکومت نے فطرت کی بحالی کیلیے نیشنل پارکس کو محفوظ کرنے کیلیے منصوبے پر
عمل شروع کردیا ہے جبکہ آلودگی کی روک تھام کیلیے گاڑیوں میں یورو 5 کوالٹی کے فیول کے استعمال کو فروغ دینے کے سے متعلق اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پائیدار ترقیاتی اہداف 2020ء کی رپورٹ سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ نے ایس ڈی جی -13 کلائمیٹ ایکشن کے ہدف کے حصول میں کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو نہ صرف بھرپور طور پر اجاگر کیا ہے بلکہ اس کیلیے قومی سطح پر عملی اقدامات بھی کیے ہیں جن کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کو ترجییح دے رکھی ہوئی ہے تاکہ فطرت کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ کورونا کی وبا فطرتی وسائل کے بے دریغ استعمال کے باعث سامنے آئی ہے، مستقبل میں وبائی امراض کو روکنے کیلیے ہم سب کو مل کر فطرت کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔