شادی ہال ایسوسی ایشن کا آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان

663

شادی ہال ایسوسی ایشن نے مطالبات نہ ماننے پر آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

صدر شادی ہال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آج آل پاکستان شادی ہال اونر ایسوسی ایشن ملک بھر میں شادی ہالز کی بندش کیخلاف احتجاج کر یں گے،  حکومت سے اپیل کرتے ہیں شادی ہال کھولنے کی اجازت دی جائے۔ مطالبات پر نظر ثانی نہ کی گئی تو وزیر اعلیٰ ہاوس کی جانب مارچ کریں گے۔ ملک بھر کے پریس کلب میں جمع ہوکر احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے تاحال شادی ہال ایسوسی ایشن کیساتھ کسی قسم کے مذاکرات یا ان کے مطالبات پر نظرثانی سے متعلق کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

قبل ازیں 6 جولائی کی پریس کانفرنس میں شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر خالد ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت نے شادی ہالز ریسٹو رینٹس کو اتنی مشکل میں کیوں ڈالا؟، شادی ہالز اور ریسٹو رینٹس میں تمام ایس او پیز موجود ہیں، شادی ہالز میں ہر کوئی صاف ستھرا ہوکر جاتا ہے، ہمارے برتن فرنیچر سب کچھ صاف ہوتا ہے، اگر حکومت نے ہمیں کام کی اجازت نہ دی اور ایسے کیا تو 3 سال تک کوئی ٹیکس نہیں دیں گے۔

انہوں نے وزیراعظم سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ  آپ کیسے وزیر اعظم ہیں اقتصادی پہیہ کو جام کرنا چاہتے ہیں؟، جن بیماریوں سے لوگ مرتے ہیں اس پر آپ نے ایک محلہ بھی بند نہیں کیا؟ جب دنیا بھر میں چیزیں معمول پر آرہی ہیں تو ہم پر سے پابندی ہٹائی جائے ۔