لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو ئے، حافظ نعیم الرحمن

222

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حکومت اور کے الیکٹرک کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹے اور غلط ثابت ہوئے ہیں۔

ادارہ نور حق میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے تحت مختلف ٹریڈ یونینز اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  شہر کے بیشتر علاقوں میں لوڈ مینیجمنٹ کے نام پر اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر،نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اورلیاری سمیت کئی علاقوں سے لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں،کراچی کے عوام کو بجلی کی فراہمی کی ذمہ داری حکومت کی ہے، اس لیے کے الیکٹرک کو فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مزدوروں کے حقوق بالخصوص کنٹریکٹ ملازمین کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مستقل کرنے کے لیے بہت جلد ایک بڑے مزدور کنونشن میں مزدوروں کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی اور مزدوروں کے لیے ایک بڑی سیاسی و قانونی تحریک شروع کرے گی۔