عید قرباں؛ مویشی منڈیوں کے اوقات کار مقرر

452

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی اوسی ) نے عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کے لیے ملک بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی اوسی کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر نے کوروناکی روک تھام اور صحت کی سہولتوں کے پنجاب کے ا قدامات کو قابل تعریف قرار دیا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مویشی منڈی کےاوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے، عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی جب کہ صحت سے متعلق ضروری ہدایات صوبوں اور انتظامی اداروں کو جاری کردی گئی ہیں۔

این سی او سی اجلاس میں بتایا کہ ملک بھرمیں عوامی تحفظ، صحت ضابطہ کارپرعملدرآمدکیلئےٹیمیں متحرک ہیں، ملک میں 441 سے زیادہ دکانیں، مارکیٹیں سیل، 1231 گاڑیاں بند کرکے جرمانے کیے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحت ضابطہ کارکی 6 ہزار498خلاف ورزیاں رکارڈکی گئیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نےمویشی منڈیوں،نمازِعید،سیکیورٹی سے متعلق 20نکاتی پلان جاری کر دیا ہے۔