جمس اسپتال میں ادویات چوری کی تحقیقات کرائی جائے ، مزدور یونین

184

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جمس اور سول اسپتال میں سہولیات کے فقدان پر مزدور یونین کا احتجاج، ڈائریکٹر جمس اور ٹھیکیدار کی کرپشن کیخلاف نعرے، ڈی سی چوک پر دھرنا، لاکھوں روپے کی ادویات چوری میں ملوث ملزمان ڈائریکٹر کی آشیر باد سے جمس میں من مانی کر رہے ہیں، حاجی غلام نبی رند و دیگر کا اظہار خیال۔ جیکب آباد کے جمس اور سول اسپتال میںعلاج معالجے کی سہولیات کے فقدان، جمس میں کرپشن کیخلاف مزدور شہری اتحاد کی جانب سے احتجاجی جلوس حاجی غلام نبی رند، شاہنواز منجھو، نذر محمد بروہی، روشن مندرانی کی قیادت میں نکالا گیا، جس میں مزدوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور ڈائریکٹر جمس، ٹھیکیدار کیخلاف نعرے لگاتے ہوئے ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگیا۔ اس موقع پر حاجی غلام نبی رند اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود جمس اسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے، چار سال سے ایمرجنسی اور تین ماہ سے او پی ڈی بند ہے، جمس کی ادویات مارکیٹ میں فروخت ہورہی ہیں۔ ڈائریکٹر کی آشیرواد سے جمس میںاپنی من مانی کررہے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں، اسپتال پر غیر متعلقہ افراد ڈیرہ جمائے بیٹھے ہیں، ڈاکٹر بھی ٖڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں، بی او جی ممبران کی مجرمانہ خاموشی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت رکن قومی اسمبلی محمد میاں سومرو اور دیگر سے مطالبہ کیا کہ جمس اور سول اسپتال میں کرپشن اور لاکھوں روپے کی ادویات چوری کیس میں نامزد ملزمان کیخلاف کارروائی کی بجائے اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائیں۔