مسائل میں گھری قوم مزید دلدل میں پھنس گئی ، ڈاکٹر طارق سلیم

230

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ہرد ن کسی نئے حکومتی عہدیدارکی بدعنوانی سامنے آتی ہے کورونا کیسوں سے زیادہ تحریک انصاف سے وابستہ لوگوں کے بدعنوانی کیس ہوگئے عوام کی حالت بدلنے کے دعویداروں کی حالت بدل رہی ہے مسائل میں پسی قوم مزید دلدل میں پھنس گئی ،ٹین پرسنٹ کے بعد 12پرسنٹ مسلط ہوگئے تبدیلی کے دعویداروں کی کوشش ہے کہ قومی دولت لوٹ کراپنے ہرعہدیدارکی تجوریاں بھر دیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بھر کے ذمے داران کے اہم اجلاس اور مکتبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عثمان آکاش، امیر ضلع سردار امجد علی خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگر ذمے داران نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ شوگر مافیا کی سرپرستی کرکے انہیں ملک سے کس نے فرار کروایا، جہانگیر ترین قوم کے مجرم ہیں لیکن محض عمران خان کی قربت کی وجہ سے جیل کے بجائے بیرون ملک فرار ہوکر روپوش ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ پر سرمایہ کاری کرنے والے آج ملکی خزانے سے وصولیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ، ذمے داران بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ قومی انتخابات کی تیاری بھی کریں اور عوام سے رابطوں کو موثر بنائیں۔