لاڑکانہ کو پیرس بنا نے والے نکاسی آب کا نظام نہ بنا سکے

155

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پیرس بنانے کے دعویدار گلی محلے میں سیوریج سسٹم نہ بناسکے، شہر کے گنجان آباد گجن پور محلے میں گندگی کے ڈھیر اور جوہڑ بن گئے، علاقہ مکین شدید تکلیف میں مبتلا، خواتین، بچوں، بوڑھوں کو آمد و رفت میں پریشانی کا سامنا ہے، شہر بھر میں ڈی سلٹنگ کا کام جاری ہے، میئر لاڑکانہ کے روایتی اور کھوکھلے دعوے جاری، علاقہ مکینوں کا مؤقف۔ یوں تو لاڑکانہ شہر کی 20 یونین کمیٹیوں اور 80 وارڈز میں سے کوئی ایک بھی ماڈل نہیں، تاہم شہر کا گنجان آباد علاقے گجن پور محلے گاد اسٹریٹ میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے کے باعث گٹر کا بدبو دار پانی گلیوں میں کھڑا ہونا معمول ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی اور تکلیف میں مبتلا ہیں۔ علاقہ مکینوں کاشف سومرو، حسین عاشق، لطیف دایو و دیگر کا کہنا ہے کہ تحریری درخواستوں کے باوجود نااہل میونسپل انتظامیہ علاقے کے سیوریج سسٹم کو درست نہیں کرسکی، عارضی طریقوں سے چند گھنٹوں کے لیے پانی کی نکاسی کی جاتی ہے لیکن مستقل حل نہیں نکالا جارہا۔ اہل علاقہ نے میئر لاڑکانہ کے شہر بھر میں ندی نالوں کی ڈی سلٹنگ کے دعووں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کاموں اور فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب میئر خیر محمد شیخ کا کہنا ہے کہ پبلک ہیلتھ کے لوگ جہاں پر کام کرتے ہیں وہاں توڑ پھوڑ کر کے چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیقی کے پاس بھی سیوریج سسٹم کی درستگی کے لیے الگ فنڈز ہیں، جبکہ ان کے پاس کوئی فنڈ نہیں ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ افسران اور ادارے ایک دوسرے پر الزامات لگا کر اپنا دامن بچاتے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔