میرپور خاص، 6 ماہ قبل اغوا ہونے والا تاوان کی ادائیگی کے بعد گھر پہنچ گیا

174

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) چھے ماہ قبل خاتون کی آواز میں بات کرنے والے اغوا کاروں کے ہاتھوں اغوا ہونے والا مغوی تاوان کی ادائیگی کے بعد اپنے گھر پہنچ گیا۔ محکمہ تعلیم میرپور خاص کا سپر وائزر الیاس پنہور چھے ماہ قبل خاتون کی آواز میں بات کرنے والے اغوا کاروں کے چنگل میں پھنس گیا اور ان کے بلانے پر میرپور خاص سے گھوٹگی جا پہنچا، جہاں سے اسے اغوا کر کے پنجاب کے ضلع راجن پور کے کچے کے علاقے میں لے جا کر اس کے بیٹوں سے ایک کروڑ روپے تاوان کی رقم طلب کی گئی اور گزشتہ چھے ماہ سے اغوا کاروں اور مغوی کے ورثا کے درمیان تاوان کی رقم پر جوڑ توڑ کی بات چل رہی تھی۔ گزشتہ روز تاوان کی رقم کی ادائیگی کے بعد الیاس پنہور اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔