ٹنڈو آدم،با اثر دکاندار کا لاک ڈاؤن میں بھی کاروبار جاری

143

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں مختار کا ر کا دوہرامعیار، بااثر دکانداروں لاک ڈاؤن کے دوران بھی دھڑلے سے کاروبار کرنے لگے، متعدد دکانیں سربمہر، سماجی تنظیموں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کیخلاف مختارکار نے دوہرا معیار اپنا لیا، لاک ڈاؤن کے دوران با اثر دکانداروں کی دکانیں کھلی رہیں جبکہ دیگر دکانداروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دکانیں عبدالمالک، سلطان احمد، عبدالوہاب، خالد، احسان، محمد عارف، سعید احمد کی دکانیں سربمہر کردیں جبکہ با اثر افراد کی مداخلت پر بیشتر سربمہر کی گئیں دکانیں کھول دی گئیں۔ سماجی تنظیموں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ مختار کار ٹنڈو آدم نبی بخش سولنگی کی جانب سے با اثر دکانداروں کے ساتھ نرم رویہ اپنایا ہوا ہے، سربمہر کی گئیں دکانیں اسی وقت کھولنا کہاں کا انصاف ہے جبکہ دیگر دکانداروں کیخلاف مختار کار کی کارروائی سمجھ سے بالا تر ہے۔ سماجی تنظیموں نے مختارکار کے دوہرے معیار پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔