راجا گل زیب کیانی کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ

260

پاک یوتھ فورم (سعودی عرب) کے صدر اور سیکرٹری اوورسیز لیبر افیئرز، پی ٹی آئی (سعودی عرب) راجا گل زیب کیانی کی جانب سے ریاض میں پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں تکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں مختلف ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت حافظ عرفان کھٹانہ نے حاصل کی جب کہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم عابد شمعون چاند نے پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجا گل زیب کیانی نے کہا کہ صحافت ایک ذمے دارانہ پیشہ ہے۔ ایک سچا صحافی معاشرے میں اعلیٰ شعور و اقدار کو فروغ دے کر قومی یکجہتی کے جذبے کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ صحافی کا بنیادی فرض معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا اور معاشرتی و سماجی شعور کو بڑھاوا دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں تمام پاکستانی صحافی لگن، محنت اور سچے جذبے کے ساتھ کمیونٹی کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صحافی اور کالم نگار تسنیم امجد نے کہا کہ ایک صاحب عمل اور پر ارادہ صحافی ہمارے لیے بہترین مثال ہیں۔ صحافی کو اپنے قلم کے ہتھیار کا دیانت داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔ اس طرح وہ تعمیر انسانیت میں اپنی خدمات سر انجام دے سکتا ہے۔انہوں نے کمیونٹی کی خدمات پر راجا گل زیب کیانی کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب میں سلیم مسعود، پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے صدر وسیم خان، ملک ندیم شیر اعوان، میاں طارق جنید، ناظم علی عطاری، کامران ملک، بابر علی، خرم خان، جہانزیب امجد، زبیر بلوچ، حامد ناصر قادری، عابد شمعون چاند، عادل شیخ، بلال ارشد اور دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان اور دیار غیر میں وفات پانے والوں کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔