سید منور حسن کی رحلت پر پاکستان انجینئرز فورم کا تعزیتی پیغام

258

پاکستان انجینئرز فورم (پی ای ایف) جدہ کے صدر ڈاکٹر عبدالعلیم خان نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سید منور حسن ہمیں چھوڑ کراپنے خالق حقیقی کے دربار میں حاضر ہوگئے۔ دنیاوی امتحان کا مقررہ عرصہ تمام ہوا۔ سید صاحب وہاں پہنچ چکے ہیں، جو ہم سب کی منزل ہے۔ حقیقی کامیابی تو ان ہی کا مقدر بنتی ہے جو اس امتحان میں کامیاب قرار پاتے ہیں۔ منورحسن نے اپنی پوری زندگی دین کی دعوت اور سربلندی کے لیے وقف کردی تھی۔
سید منور حسن کو تقریر کا فن بھی خوب آتا تھا۔ الفاظ کے چناؤ اور گرفت پر آپ عبور رکھتے تھے۔ آج منور حسن ہم میں موجود نہیں لیکن ان کی زندگی سے ہم بہت سے اسباق حاصل کر سکتے ہیں۔ جیسے کہ سادہ زندگی گزارنا اور دعوت دین کا سلسلہ جاری رکھنا۔ آپ نے بطور امیر جماعت اسلامی بیٹی کی شادی پر ملنے والے تمام تحائف کو یہ کہتے ہوئے بیت المال میں جمع کرادیا تھا کہ یہ تمام تحائف میری ذاتی حیثیت کی وجہ سے نہیں بلکہ امیر جماعت ِ اسلامی ہونے کی وجہ سے ملے ہیں۔ اللہ تعالیٰ منور حسن کی بخشش فرمائے اورانہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔