ویلفیئرقونصل ماجد میمن سے پاک سعودی فرینڈ شپ فورم کے وفد کی ملاقات

163

پاکستان قونصلیٹ جدہ کے کمیونٹی ویلفیئر قونصل ماجد میمن سے پاک سعودی فرینڈ شپ فورم کے وفد نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی، جس میں چیئرمین چودھری خالد رشید، قاری محمد آصف، صدر خالد لطیف، سیکرٹری جنرل عرفان خالد اور سینئر معاون خصوصی اسرار خان شامل تھے۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں حالات حاضری خصوصاً پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات پر گفتگو ہوئی۔ شرکا نے پاکستان کا سفر کرنے والے اور سعودی عرب میں مقیم لوگوں سمیت کاروباری اداروں میں پریشان حال افراد کی امداد سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔
ماجد میمن نے پاکستانی برادری کے لیے قونصلیٹ کی طرف سے ہرممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے پاک سعودی فرینڈ شپ فورم کی طرف سے کی جانے والی خدمات کی تعریف بھی کی۔ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کے راجا محمد اقبال کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی۔ آخر میں پاک سعودی فرینڈ شپ فورم کے چیئرمین چودھری خالد رشید نے مہمانوں اور فورم کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔