ریلوے ملازمین کوبقایا جات جلد ادا کیے جائیں‘ محمد اکبر

166

ریلوے ورکرز یونین ورکشاپس کے رہنما اور پاکستان مزدور محاذ لاہور کے نائب صدر محمد اکبر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریلوے انتظامیہ ریلوے کے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو گریجوٹی سمیت ان کے تمام بقایا جات فوری ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کئی کئی ماہ سے اپنے بقاجات کے لیے ریلوے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ریلوے ان کے بقاجات کی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال کی عمر تک ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین نے ان پیسوں سے اپنے بچوں کی شادیوں سے لے کر دیگر بہت سے معاملات کو نبٹانے کی منصوبہ بندی کی ہوتی ہے لیکن ان ملازمین کو بروقت ان کے بقایا جات نہ ملنے کی وجہ سے وہ ملازمین مالی پریشانیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات ان ملازمین کی اپنی محنت کی کمائی ہے نہ کہ کوئی حکومتی مراعات۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ ریلوے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے بقایا جات بروقت ادا نہیں کرتا تو ان بقایا جات کی رقوم پر ملکی قانون کے مطابق ملازمین کو منافع ادا کرے۔