وزیراعظم کی سب پر نظر

405

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اطلاع دی ہے کہ وزیراعظم کی سب پر نظر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ کسی کو چھوٹ نہیں ملے گی۔ ثبوت ملنے پر سخت ایکشن ہوگا۔ ان کی جانب سے زبردست انکشاف ہوا ہے کہ ہماری پارٹی میں کوئی گینگ یا مافیا نہیں۔ ہم پاکستان کے اور اپوزیشن کرپشن کے نمائندہ ہے۔ حزب اختلاف پکڑے جانے کے خوف سے اکٹھا ہوتی ہے۔ بہت سی باتیں شبلی فراز جاننے کے باوجود نہیں جانتے۔ مثال کے طور پر سب سے بڑا دعویٰ ہے کہ ہماری پارٹی میں کوئی گینگ یا مافیا نہیں حالانکہ سب کو معلوم ہے کہ چینی مافیا کون ہے۔ آٹا مافیا کون ہے۔ گنا مافیا اور شوگر مل مافیا کون ہے۔ کس کو سبسڈی ملی کس کو نہیں ملی سب پر وزیراعظم کی نظر ہے اور پیٹرولیم مافیا کون ہے جس کے سامنے وزیراعظم سجدہ ریز ہو گئے۔ اس صورتحال پر شہباز شریف نے کہہ دیا کہ موجودہ دور میں مافیاز کو عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا اور یہ لائسنس جعلی بھی نہیں ہیں اور نظر بھی نہیں آئے۔ شبلی فراز اے جی پی آر کے ملازمین کے اثاثوں کی چھان بین کرنے کی بات کر رہے ہیں ذرا وہ جسٹس فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے اس سوال کا جواب بھی دے دیں کہ ایف بی آر وزیراعظم سے یہ سوال کیوں نہیں پوچھتا کہ وہ ٹیکس کم کیوں دیتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا ہے کہ اپوزیشن گرفتاری کے خوف سے اکٹھا ہو جاتی ہے۔ اپوزیشن آجکل ایسی ہے کہ واقعی ہر روز صبح اپوزیشن کے ہر لیڈر کو گرفتاری کا خطرہ ہوتا ہے۔ بات ہے کہ ان کے کام بھی ایسے تھے جن کے ہاتھ اور کردار صاف ہیں وہ جم کر کھڑے ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ میں گرفتاریوں سے خوفزدہ اور مافیاز کا سب سے بڑا اجتماع صرف موجودہ حکومت میں ہے۔ اس حکومت میں جتنے لوگ اکٹھے ہوئے ہیں سابقہ حکومتوں میں بھی تھے اور بڑے گل کھلا کر آئے ہیں۔ بہرحال یہ اچھی بات ہے کہ وزیراعظم کی نظر سب پر ہے۔ان کی کیفیت یہ ہے
محتسب تسبیح کے دانوں پہ یہ گنتا رہا
کن نے پی کن نے نہ پی کن کن کے آگے جام تھا