پی ٹی آئی رہنما حبیب جان بلوچ کے انکشافات کا جواب دیں،امتیاز شیخ

98

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ کی قیادت کی دم پر پیر پڑا ہے تو چیخیں نکل رہی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما پہلے حبیب جان بلوچ کے انکشافات کا جواب دیں۔ سابق ایس ایس پی شکارپور کی انکوائری رپورٹ کے پیچھے پی ٹی آئی رہنمائوں کا ہاتھ تھا ۔ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے پولیس کے کچھ افسران کو سندھ حکومت کے خلاف استعمال کرنے کی سازش کی۔سابق ایس ایس پی شکارپور کے مجھ پر لگائے گئے الزامات کا کیس سندھ ہائیکورٹ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظار کریں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔وزیر توانائی سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اپنی نااہلی اور ناکامیوں سے تنگ آکر اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بد دعائوں پر اتر آئے ہیں۔پی ٹی آئی کا ایک اورنیا ٹرینڈ گالم گلوچ سے بد دعا کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے قائد آصف زرداری نے 11 سال جیل کاٹی، ان کی قیادت 11 دن بھی نہیں گزار سکتی ۔امتیاز شیخ کا کہنا تھاکہ مخالفین آصف علی زرداری کے اوپر ایک بھی الزام ثابت کرنے میں ناکام ہوئے۔