کے الیکٹرک شارٹ فال کے نام پر جھوٹ بول رہی ہے‘ ارشد وہرہ

93

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے رہنما و سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے ایک وفاقی وزیر گورنر کیساتھ کھڑے ہوکر فرماتے ہیں کہ اب کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ گویا کے الیکٹرک کراچی کے ساتھ جو ظلم کر رہی ہے وہ وفاق کے ایماء پر ہورہا ہے۔ کے الیکٹرک شارٹ فال کے نام پر قوم سے جھوٹ بول رہی ہے۔ کراچی میں 3300 میگا واٹ بجلی کی طلب ہے جبکہ کراچی کے لیے 4000 ہزار میگا واٹ بجلی بن رہی ہے۔ حبکو 2920 میگاواٹ، پورٹ قاسم کول پاور 1320 میگا واٹ، کینپ 137 میگا واٹ، تھرکول 660میگاواٹ نیشنل گرڈ سے کراچی کو فراہم کررہا ہے، گْل انرجی 126 میگاواٹ،ٹپال انرجی 136 میگاواٹ، ونڈ مل سے 99 میگا واٹ ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کراچی کے خلاف سوچیں سمجھیں سازش ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ڈرامہ بازی اور منافقت پر مبنی احتجاج کررہی ہے۔
کے الیکٹرک بورڈ میں مختار وسیم اور عابد لاکھانی وفاقی حکومت کی جانب سے ڈائریکٹر ہیں۔ کے الیکٹرک وفاقی حکومت کے نیچے کام کرتا ہے۔ وفاقی حکومت کے نمائندے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کررہے ہیں گویا وہ اپنی ہی حکومت کے خلاف احتجاج کرکہ عدم اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرلے، اگر کے الیکٹرک نے بدمعاشی ختم نہیں کی تو ہم اس کی بدمعاشی ختم کرنا جانتے ہیں۔ معاملات حل نہیں ہوئے تو قانون کو ہاتھ میں لیے بغیر شہر میں ایسا دما دم مست قلندر ہوگا جو کسی نے پہلے کبھی نا دیکھا ہوگا۔