کمشنر کراچی کی زیر صدارت سرکلر ریلوے بحالی کے لیے اجلاس

312

کراچی(صباح نیوز)عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں کراچی سرکلر ریلوے بحال کر نے کے لیے کراچی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کے سی آر منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔رکاوٹیں دور کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیااور اس سلسلے میں ضروری فیصلے کیے گئے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک نے کمشنر کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پر عملدرآمد کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اردو بازاراسٹیشن سے ڈپو تک سیوریج لائن کی تنصیب و تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان نے اجلاس کو جلد از جلد لائن کی تبدیلی پر کام شروع کر نے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ کے سی آر کے 44 کلومیٹر روٹ پر فینسنگ کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، ٹینڈرز بھی طلب کر لیے گئے ہیں، اگلے ہفتہ فینسنگ کی تنصیب و تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔اجلاس میںڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز ارشد سلام خٹک، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ اسداللہ خان اور دیگر افسران شرکت کی۔