سلیکٹیڈ وزیراعظم نے معیشت کا برا حال کردیا،اکرام اللہ دھاریجو

302

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی ، صنعت، تجارت و کوآپریٹو سوسائٹیز محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹیڈ وزیراعظم اور ان کے سلیکٹیڈ وزرا کی نااہلی کی وجہ سے آج ملکی معیشت کا برا حال ہے اور عوام ان کی ناقص پالیسیوں اور مہنگائی کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہمارے لیے یہ لمحہ فکر ہے کہ بنگالی ٹکے کے بعد اب ایک جنگ زدہ افغانی کرنسی کا ریٹ بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں 2 روپے 17 پیسے کا ہوگیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز گھوٹکی ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے ضلعی کونسلر دادن خان مہر کے منعقد ظہرانہ میں شرکت کی۔ مختلف مقامات پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے سندھ کے حقوق پر مسلسل ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کا دیوالیہ کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکار طبقہ سخت مشکلات سے دوچار ہے لیکن حکمرانوں کو پروا نہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ چور دروازے سے آنے والوں نے عوام کو جھوٹے وعدوں اور باتوں کے سوا کچھ نہیں دیا لیکن اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکاہے۔ سلیکٹیڈ حکمرانوں کو اب اپنی ناکامی قبول کرنے کے سوائے اور کوئی راستہ نہیں۔