وزیراعلیٰ اساتذہ کو تنخواہیں نہ ملنے کا نوٹس لیں،راجا عبدالرزاق

180

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی عبد الرزاق راجا نے کہا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں سال2012ء میںبھرتی ہونے والے ادر کیڈر اساتذہ کو 9برس بعد بھی تنخواہیں جاری نہ کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کے منافی ہے،عید الاضحی کے بعد اساتذہ کے احتجاج شروع کرنے سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر تعلیم معاملے کا نوٹس لیں اورمسائل کے حل کیلیے لائحہ عمل بنائیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ حالیہ کھلی کچہری میں اساتذہ کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق ہمیں بھی ان کے حق میں سڑکوں پر آنا پڑ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے داد رسی کا وعدہ اور بلاول زردار ی کی حمایت کے باوجود ادر کیڈر اساتذہ کی بھرتیوں کے معاملے کو لٹکانا اساتذہ کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ظہیر احمد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ادر کیڈر اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی عبد الرزاق راجا نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ 2012کے دوران کراچی میں بھرتی ہونے والے ادر کیڈرز اساتذہ تنخواہوں کے اجراکیلیے دوبارہ احتجاج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں مگر میں اساتذہ سے اپیل کرو ں گا کہ وہ ایسی کوئی سرگرمی نہ کریں جس سے اساتذہ اور ہمارے موقف کو نقصان پہنچے ۔